مسلم آفیسر ز سوسائٹی کا امریکہ کے دورے پر آئیں آرمی پبلک سکولز پاکستان کی سٹوڈنٹس کے اعزاز میں استقبالیہ

 

استقبالیہ کے اہتمام میں لیفٹنٹ عدیل رانا اور کمیونٹی کے مقامی قائدین اسلم ڈھلوں ، رضوان گلی،قیصر چوہدری سمیت دیگر نے کردار ادا کیا، قونصل جنرل راجہ علی اعجاز کی اہلیہ عائشہ اعجاز کے ہمراہ خصوصی شرکت

نیویارک (خصوصی رپورٹ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم امریکن آفیسرز کی نمائندہ تنظیم مسلم آفیسرز سوسائٹی کی جانب سے امریکہ کے دورے پر آئے پاکستان کے چار مختلف شہروں میںموجود آرمی پبلک سکول کی سٹوڈنٹس کو کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین (جو کہ لٹل پاکستان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) پر خوش آمدید کہا گیا اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ گورمے ریسٹورنٹ میں دئیے جانے والے استقبالیہ کے اہتمام میں مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر لیفٹنٹ عدیل رانا اور کمیونٹی کے مقامی قائدین اسلم ڈھلوں ، رضوان گلی،قیصر چوہدری سمیت دیگر نے کردار ادا کیا جبکہ پاکستانی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے اپنی اہلیہ عائشہ اعجاز کے ہمراہ خصوصی شرکت کی ۔

 


 

استقبالیہ میں آرمی پبلک سکولز کی بچیوں روبینہ آصف (نوشہرہ)،سکینہ مستقین(نوشہرہ)،کائنات بتول(کوئٹہ)، انیلا بی بی (کوئٹہ)،اسماء(کوہاٹ)، آمنہ بدر (کوہاٹ)، عائشہ خان آفریدی (کوہاٹ)، منال وزیلا طلعت (لاہور) اور عبیرہ اظہر (لاہور) نے اپنے سینئر ٹیچرز مبشرہ قمر اور رضوانہ عنبر کے ساتھ شرکت کی ۔


استقبالیہ میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مسلم پولیس آفیسرزکیپٹن وحید اختر ، سارجنٹ محمود احمد،سارجنٹ زاہد محمود ، پولیس آفیسر روحیل خالد،سارجنٹ زیغم عباس، لیڈی پولیس آفیسر فملیہ اختر ، لیڈی پولیس آفیسر سدرہ سعید،پولیس آفیسر اسد انور، پولیس آفیسر ذیشان منورکے علاوہ نیویارک سٹی کمپٹرولر آفس کی نمائندہ عالیہ لطیف اورنیویارک سٹی کونسل سپیکر آفس سے فائزہ علی اورہیومین رائٹس کمشنر آفس سے راما نے خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بازہ روحی، عمران قاسم خان ،عبد العزیز بٹ ،چوہدری سیف الرحمن سیفی ، چئیرمین پرویز سلیم بٹ ، شاہد حمید خان ، ولیم شہزاد، جیمز سپرئین،راجہ رزاق پوران، آصف بیگ، نویدشہزاد مہر نے بھی شرکت کی ۔


قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، عائشہ اعجاز، لیفٹنٹ عدیل رانا سمیت تمام شرکاءنے پاکستانی سٹوڈنٹس کو امریکہ اور بروکلین(نیویارک) میں لٹل پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سٹوڈنٹس کا شرکاءسے شرکاءکا سٹوڈنٹس سے تعارف کروایا گیا اور بتایا گیا کہ یو ایس سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی دعوت پر اے پی ایس سکولز کی طالبات امریکہ کا سترہ دن کا دورہ کررہی ہیں۔ ان طالبات کو امریکہ میں موجود پاکستانی و مسلم امریکن کمیونٹی، امریکہ کے سیاسی و سماجی نظام اور یہاں موجود کمیونٹیز کے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ ، کمپٹرولر، سپیکر آفس میں فرائض منصبی ادا کرنے والے مسلم امریکن کے کردار، تجربات و مشاہدات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

 


 

قونصل جنرل راجہ علی اعجاز اور ان کی اہلیہ عائشہ اعجاز نے پاکستانی قونصلیٹ اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بچوں کو امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ سٹوڈنٹس اس دورے کے دوران حاصل کرنےوالے مشاہدات ، علم اور تجربات سے دوسروں کو بھی مستفید کریں گے ۔لیفٹنٹ عدیل رانا نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں مسلم امریکن ارکان اپنا جو کردار ادا کررہے ہیں، وہ قابل ستائش ہے ۔


شرکاءنے سٹوڈنٹس سے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ پر بھی اظہار افسوس کیا اور پاکستان میں تعلیم کے حصول اور فروغ کے سلسلے میں سٹوڈنٹس اور ٹیچرز کی خدمات کو شاندار الفاظ میںخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جواں سال شہری ہی ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے روشنی پھیلائیں اور گمراہی کے اندھیروں کو ختم کریں ۔ اس موقع پر کوئٹہ کے ہسپتال میں ہونیوالے حالیہ خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہید ہونیوالے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ ساتھ ان کے لئے دعا بھی کی گئی ۔


اے پی ایس سٹوڈنٹس نے مسلم آفیسرز سوسائٹی اور کمیونٹی قائدین کا پذیرائی پر شکرئیہ ادا کیا ، انہیں تہینتی کارڈز اور پاکستانی سوینئر(یادگاری تحائف) پیش کئے ۔ آخر میں شرکاءکے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔
 

تاریخ اشاعت : 2016-08-10 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں

SiteLock