جرسی سٹی کے زیر اہتمام جرسی سٹی میں عظیم الشان جلسہ و جلوس میلاد النبی ﷺ 

 

جرسی سٹی(خصوصی رپورٹ) میلاد کمیٹی نارتھ امریکہ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس بار بھی عید میلاد النبی کا جلسہ وجلوس بھرپور طریقے سے منعقد کیا گیا۔جس میں شمع رسالت کے پروانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میلاد پلازہ اور مسجد غوثیہ پر دعا وسلام اور مختصر تقاریر کے بعد جلوس کا باقاعدہ آغاز دعا اور سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ پر درود و سلام کیساتھ کیا گیا ۔ جلوس علمائے کرام اور کمیونٹی کے معززین کی قیادت میں اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا سٹی ہال(جرسی سٹی) پر جا کر اختتام پذیر ہوا۔ شرکاءتمام وقت فضاءمیں درود و سلام اور یا اللہ ، یا رسول اللہ ﷺ کے نعرے بلندکرتے رہے ۔


مسلم فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر ارشد چٹھہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ صبح کے ناشتہ کاحافظ غلام یاسین رضوی اور ان کے ساتھیوں نے اہتمام کیا گیا۔ڈاکٹر رفیق چوہدری نے میلاد کمیٹی آف نارتھ امریکہ کی جانب سے شرکاءو علماءکرام کو خوش آمدید کہا اور تقریب کی تفصیل و پروگرام بیان کیا ۔جلو س کی قیادت میلاد کمیٹی نارتھ امریکہ اور مسلم امریکن کمیونٹی کے قائدین ڈاکٹر رفیق چوہدری ، ڈاکٹر ارشد چٹھہ، قاری سیف النبی قادری ، مولانا لیاقت اظہری ، سید صفدر حسین شاہ ،ڈاکٹر علامہ شہباز چشتی ، مولانا منور عتیق،حافظ غلام یاسین رضوی ، قاری غلام رسول قادری ،صاحبزادہ عثمان افضل قادری ،الحاج احمد بخش ملک (مدینہ شریف )، سید صفدر حسین شاہ، مولانا معتاذ شیراف (شامی کمیونٹی)ناصر اعوان سمیت دیگر نے کی ۔


اس سال بھی حسب سابق میلاد النبی کا جلسہ سٹی ہال کے اندر منعقد کیا گیا۔جرسی سٹی کونسل کے پریذیڈنٹ رولینڈو لاوارو، کونسل مین رچی بوجیانو، ہڈسن کونسل پراسیکیوٹر روبینواور ساتھی ارکان کونسل نے عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس و جلسہ کے شرکاءکو سٹی ہال میں خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر انٹر فیتھ کلرجی اور مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والی روحانی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔پروگرام کا آغاز قاری سیف النبی کی جانب سے تلاوت قران پاک سے ہوا ، ترجمہ حافظ نثار شاہد نے کیا جبکہ قصیدہ بردہ شریف حافظ محمد علی سہروردی نے پڑھا۔

 


 

جلسہ میلاد النبی ﷺ میں مئیر جرسی سٹی کی جانب سے میلاد کمیٹی نارتھ امریکہ کو سٹی ہال کی جانب سے جاری کردہ فرمان پیش کیا جس میں اتوار کو جرسی سٹی میں رحمت الللعالمینﷺ ڈے قرار دیا گیا۔جرسی سٹی کونسل کے پریذیڈنٹ رولینڈو رلاوارو نے جرسی سٹی کونسل اور میلاد کمیٹی نارتھ امریکہ کی جانب سے عابد شیرازی ، منیر مغل ،ناصر اعوان،قمر الدین ،اصغر چشتی کوبھی تعریفی اسناد بھی پیش کیں جن میں ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا۔ پروگرام کے دوران جرسی سٹی کا سٹی ہال تمام وقت یا رسول اللہ ﷺ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا ۔ ثناءخوانان محمد اصغر چشتی،منیر مغل ، سجاد بٹ اور محمد علی سہروردی نے سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی ﷺ کے حضور جلوس کے دوران اور جلسہ کے موقع پر نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مولانا لیاقت حسین اظہری (کیو ٹی وی )نے دعا کروائی۔اذا ن حافظ رضوان ملک (آف مدینہ شریف )نے دی ۔
سٹی ہال میں تقریب کے بعد سنی رضوی جامعہ مسجد میں نماز ظہر کے بعد جلسہ منعقد ہوا جس سے مولانا لیاقت اظہری ، ڈاکٹر علامہ شہباز چشتی ، مولانا منور عتیق،حافظ غلام یاسین رضوی ، صاحبزادہ عثمان افضل قادری ، قاری غلام رسول قادری نے محبت رسول ﷺ، اسوہ حسنہ نبی پاک ﷺ ، نبی پاک سب کے لئے رحمت نے سمیت اہم موضوعات پر خطابات کئے ۔ انہوں نے سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد پاک ، اس کے معجزات سمیت سرکار ﷺ کی تعلیمات و احکامات کے مختلف اہم پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی ۔

 


سٹی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماءکرام ، میلاد کمیٹی نارتھ امریکہ کے ڈاکٹر رفیق چوہدری ، ڈاکٹر ارشد چھٹہ اور قاری غلام رسول نے بالخصوص سان برنارڈینو سمیت دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ان واقعات میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا ۔کمیونٹی کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت امتیاز سید نے اسلامو فوبیا اور امریکہ میں مسلم کمیونٹی کا تاریخی پس منظر نہایت مفصل اورمدلل انداز میں بیان کیا۔ڈاکٹر رفیق چوہدری نے جرسی سٹی کونسل کے پریذیڈنٹ رولینڈو رووالوسمیت تمام شرکاءکا شکرئیہ ادا کیا اور کہا کہ آقائے کریم حضرت محمد مصطفیﷺ سب جہانوں کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔عید میلاد النبی ﷺ منانے کا مطلب بھی اللہ تعالیٰ کی اس عظیم ترین رحمت کا شکر ادا کرنا ہے اور یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں آقا کریم ﷺ کے احکامات کے مطابق بسر کریں گے ۔


جرسی سٹی کونسل کے پریذیڈنٹ رولینڈو رووالونے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی و مسلم کمیونٹی کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سٹی ہا ل کے دروازے جرسی سٹی میں رہنے والی کمیونٹی کے لئے کھلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہر رنگ و نسل کے لوگ بستے ہیں اور ہم ایک دوسری کی اقدار اور باہمی احترام کیساتھ جرسی سٹی کی عوام کی فلاح و بہبود اور شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔
جلوس اور سٹی ہال میں منعقد ہونیوالے جلسہ سے خطابات کے دوران مقامی علماءکرام اور امام صاحبا ن نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام اور اسلامی تعلیمات کا ان واقعات سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے والدین پر زور دیا کہ وہ انتہاپسندی کے واقعات میں ملوث عناصر کے گمراہ کن پروپیگنڈہ سے خود اور اپنے بچوں کو بچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزمان ، سرکار دوعالم حضرت سیدنا محمد مصطفیﷺ کل جہانوں اور انسانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی تمام مخلوقات کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے ۔


معروف شخصیت برادر معتاذشراف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ سب جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے، دین اسلام زندگی بچانے والا دین ہے۔یہ وہ دین ہے کہ جس کی تعلیم ہے کہ ایک بے گناہ انسان کاقتل ، پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے نبی کریمﷺ پر سلام بھیجا ہے۔ آپ امن ، محبت اور بھائی چارے کا پیغام لیکر آئے۔ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قتل وغارت گری اور دہشت گردی سمیت ہر قسم کے انتہا پسند واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے لئے نہیں بلکہ دوسروں کے لئے جینا چاہئیے۔ فلاح کے کاموں میں آگے بڑھنا چاہئیے۔


صدر اسلامک سنٹر آف نیوجرسی احمد شدید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات یہ نہیں کہ جس کا اظہار دہشت گردی کے واقعات کے ذریعہ دہشت گرد کرتے ہیں، ان کا آقاکریم ﷺ اور دین اسلام کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ۔ یہ گمراہ لوگ ہیں ۔ ہمیں بہت خیال رکھنا چاہئیے کہ یہ گمراہ لوگ دوسرو ں کو گمراہ نہ کریں ۔ انہوں نے کمیونٹی قائدین، ارکان بالخصوص والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص دھیان دیں ۔


سنی رضوی جامعہ مسجد میں جلسہ میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے علماءکرام نے آقائے کریم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور احکامات کے مختلف اہم پہلوو¿ں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آقا کریمﷺ رحمت بن کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسلام کے نام پر انتہا پسندی کررہے ہیں اور اسلام کے نام پر بے گناہ انسانوں کیخلاف کاروائیاں کررہے ہیں، وہ نبی کریم ﷺکی تعلیمات کی عکاسی نہیں کرتے۔
علماءکرام نے کہا کہ نبی کریمﷺ اعلی ترین کردار اور شخصیت کا مظہر بن کر آئے۔ سورہ رحمان میں اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ نبی کریم سب جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے۔ اسلام کا مطلب تباہی نہیں بلکہ اسلام تحفظ کا دین ہے۔ اسلام زندگی، حیاءکا دین ہے۔ اسلام اللہ تعالی کی راہ میں جینے کا نام ہے۔ اسلام عزتوں کی حفاظت کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺسادہ پیغام کیساتھ آئے کہ اللہ کی سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں۔انہوںنے کہا کہ لوگوں نے آپ ﷺ کوہجرت پر مجبور کردیا، آپ پر مظالم ڈھائے ، آپ مدینہ شریف ہجرت فرما گئے لیکن آپ جب واپس مکہ شریف تشریف لائے اور کفار مکہ کو شکست دی تو آپ نے سب کو معاف کر دیا، یہ ہے نبی کریم کا کردار۔انہوں نے کہا کہ مغرب بعض حلقوں کی جانب سے دین اسلام اور دین محمدی کی تعلیمات کی حقیقی تعلیمات پیش نہیں کی جاتیں ۔


بعدازاں سنی رضوی مسجد میں جلسہ عید میلاد النبی کا انعقاد ہوا۔جس سے علماءکرام نے خطاب کیااور سرور کونین حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات کے مختلف پہلوو¿ں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور نبی رحمت حضرت محمد مصطفی ﷺ تمام جہانوں کے لئے اور تمام انسانیت کے لئے رحمت بن کر اس دنیا میں تشریف لائے ۔


بعد ازاں سنی رضوی جامع مسجد میں موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام محمدحنیف بٹاٹاوالاکی جانب سے کیا گیا۔جس کے بعد سلام پڑھا گیا۔ ساجد چوہان نے مٹھائی تقسیم کی۔ عامر خان ،حافظ اعجاز،حمزہ ، خرم، منیر مغل ،عابد شیرازی ،سید سلیم احمد، حافظ محمد عمر رفیق چوہدری، حافظ سعد، حافظ عمیر، عامر اقبال ، نوید ،شیخ ریاض اور قاری سیف النبی سمیت دیگر تمام ساتھیوں نے دن رات محنت کرکے پروگرام کو کامیاب کیا۔شرکاءکے اعزاز میں میلاد پلازہ پر ناشتے کا اہتمام حافظ غلام یاسین رضوی اور ان کے ساتھیوں نے کیا جبکہ سنی رضوی مسجد میں ظہرانہ اور عشائیہ کا اہتمام میلاد کمیٹی آف نارتھ امریکہ کی جانب سے کیا گیا۔


آخر میں خصوصی دعا کے ساتھ جرسی سٹی میں میلاد النبی ﷺکی تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔اس سال کے میلاد کمیٹی کے صدر سید سلیم احمد نے تمام مہمانوں کا شکرئیہ ادا کیا اور اگلے سال کی تاریخ کا اعلان کیا جو کہ 18دسمبر 2016ہو گی (انشاءاللہ)۔

تاریخ اشاعت : 2015-12-31 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں

SiteLock