ہم دنیا کے آنیوالے کل کو پر امن بنائیں گے ، ریپبلکن پارٹی نے ہیلتھ کئیر قانون نہ بنایا تو مڈٹرم الیکشن میں بھاری سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ 

نیویارک (محسن ظہیر سے ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے آنیوالے کل کو پر امن بنائیں گے ۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں ورثے میں مشرق وسطی، شمالی کوریا کی جو صورتحال ملی ہے ، وہ تباہ کن ہے ۔ انہوں نے سابق صدر براک اوبامہ کے دور میں ایران کی امریکہ سمیت عالمی طاقتوں سے ہونیوالی ڈیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خارجہ امور کے حوالے سے ہم معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں اور فیصلہ کررہے ہیں کہ ہمیں کیا اقدام کرنے چاہئیے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میری صدارتی مہم محض ایک انتخابی مہم نہیں بلکہ ایک تحریک تھی اور میں نے اس تحریک میں ایک پیامبر کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کا پیغام عام کیا کہ ہمیں امریکہ کو عظیم بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو عظیم بنانے کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ امریکی مصنوعات بنانا ہوگی اور مالی طور پر مضبوط و مستحکم بننا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکہ میں لوگوں کو بہبود فنڈ پر گذارا کروانے کی بجائے روزگار پر لگائیں گے۔
دریں اثناءصدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے ارکان کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ سابق صدر براک اوبامہ کے دور میں بننے والے اوبامہ ہیلتھ کئیر قانون کو کالعدم کرنے اور متبادل قانون لانے میںتاخیر نہ کریں بصورت دیگر آئندہ سال ہونیوالے مڈٹرم کانگریشنل الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کا بھاری سیاسی نقصان اٹھانا پڑے گا ۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں زیر بحث متبادل ہیلتھ کئیر بل پر جمعرات کو ووٹنگ ہو گی اور سیاسی پنڈت اسے صدر ٹرمپ کے پہلے سو دنوں میں بڑی سیاسی آزمائش قرار دے رہے ہیں ۔مجوزہ بل کے حوالے سے پارٹی میں دو درجن سے زائد ریپبلکن ارکان کانگریس کو تحفظات اور اختلافات ہیں ۔

تاریخ اشاعت : 2017-03-22 00:00:00
مقبول ترین خبریں
امیگریشن خبریں
SiteLock